پنجاب

سینیٹر سراج الحق دوبارہ جماعتِ اسلامی کے امیر مقرر، حلف اٹھا لیا

لاہور: جماعتِ اسلامی پاکستان کے نومنتخب امیر سینیٹر سراج الحق نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ لاہور میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں کارکنوں کی بڑی تعداد کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے بھی شرکت کی۔

منصورہ میں تقریبِ حلف برداری کا اہتمام کیا گیا۔ حلف اٹھانے کے بعد نومنتخب امیر سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی امارت عام سیاسی جماعت کی طرح نہیں ہے، یہ بہت بڑی ذمہ داری، اللہ اور عوام کے سامنے جوابدہی کا فریضہ ہے۔

اس موقع پر انہوں نے موجودہ حکومت کو بھی خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ حکومت انتخابات میں دھاندلی کر کے برسرِ اقتدار لائی گئی۔ آج انتظامیہ، عدلیہ، پارلیمان اور مقننہ سمیت تمام ادارے بے بس ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی وفاقی کابینہ میں پرویز مشرف کے درجن بھر وزیر جمہوریت اور جمہوری نظام کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ قوم نے موجودہ حکومت پر اعتماد کیا، مگر یہ بھی گزشتہ حکومتوں کا تسلسل ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت کی خارجہ اور داخلہ پالیسی پرانی حکومتوں والی ہے۔ لوگوں نے سمجھا کہ یہ حکومت مہنگائی کم اور اسلامی طرز عمل اختیار کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ افراط ِزر 9 اعشاریہ 4 فیصد تک پہنچ گیا جبکہ قرضوں کے باوجود ڈالر اور پیٹرول مہنگا ہو گیا ہے۔ ملکی معیشت چلانے والے درحقیقت نااہل ہیں۔ موجودہ حکومت بھی ناکام حکومتوں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close