پنجاب

عمران خان اور ان کی حکومت آگ سے کھیل رہے ہیں: خواجہ سعد رفیق

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہےکہ عمران خان اور ان کی حکومت آگ سے کھیل رہے ہیں یہ انتقام آمیز احتساب معیشت اور جمہوریت کو لے ڈوبے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کو پیراگون اسکینڈل کیس کی سماعت کے سلسلے میں جیل سے عدالت لایا گیا جہاں عدالت نے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 مئی تک توسیع کردی۔

نیب عدالت میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قومی معیشت نفرت اور انتقام کی چتا میں جلائی جارہی ہے، اپوزیشن کا سر قلم کرنے کے چکر میں معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا گیا، تحریک انصاف کی سونامی ترقی کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی ہے۔

انہوں نےکہا کہ حکمران نظام عدل، احتساب اور ابلاغ پر کنٹرول کرکے مخالفانہ آوازیں کچلنا چاہتے ہیں، انتقام آمیز احتساب معیشت اور جمہوریت کو لے ڈوبے گا، سیاسی اور معاشی مسائل کے حل کےلیے نفرت اور دشمنی کو بالائے طاق رکھنا ہوگا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 73 کے آئین سے چھیڑ چھاڑ خطرناک ہوگی، آئین چاروں فیڈریشن یونٹس کو حقوق دیتا ہے، عمران خان جیسے تیسے خود اس آئین کے تحت منتخب ہوئے ہیں، آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کریں گے تو دوبارہ آئین بننا ممکن نہیں ہوگا، عمران خان اور ان کی حکومت آگ سے کھیل رہے ہیں۔

(ن) لیگ کے رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت کے لیے صدارتی نظام کی بحث شرمناک ہے، کوئی بھی تنہا ملک کو مسائل کے گرداب سے نہیں نکال سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی سرکارنے آٹھ ماہ میں عوام کی کمر توڑ دی مگر انہیں شرم نہیں آتی، وزیراعظم اور وزرا جھوٹے اعداد وشمار ڈھٹائی سے جاری کرتے ہیں، پاکستانی کی معاشی صورتحال اس وقت سب سے بڑا چلینج ہے۔

سابق وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بد ترین حکومتی انتقام کا سامنا کررہی ہے، جیلیں اور حکومتی انتقامی حربے ہمارے لیے نئے نہیں موقف بدلیں گے نہ عزم، یہ اپوزیشن کو گراتے گراتے کہیں خدا نخواستہ پاکستان کوناقابل تلافی نقصان نہ پہنچادیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close