عمران خان کی حکومت اس قابل ہی نہیں کہ اسے گرایا جائے، مریم اورنگزیب
لاہور: ترجمان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت اس قابل ہی نہیں کہ اسے گرایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ میں تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ کیسا کپتان ہے جو کہتا ہے مخالف ٹیم کی وجہ سے میں میچ ہار گیا ہوں، آپ میچ اس لئے ہار رہے ہیں کہ آپ نالائق ہیں اور دوسری ٹیم آپ سے بہتر اور لائق تھی، آپ کان کھول کر سن لیں کہ آپ کی حکومت اس قابل نہیں کہ اسے گرایا جائے۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران خان صاحب ہمارے دور میں ملکی قرضہ، 11000 میگاواٹ بجلی، 1700 کلو میٹر موٹر وے، صحت و تعلیم کے منصوبے لگانے اور دہشت گردی ختم کرنے میں لگا لیکن آپ کی حکومت کے صرف 9 مہینوں میں ملکی قرضہ 30000 ارب ہو گیا ہے آپ جو یومیہ کئی ارب روپے قرضہ لے رہے ہیں وہ کس کی جیب میں جا رہا ہے؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب جن کو چور کہہ رہے ہیں اُن کی حکومت میں مہنگائی 3 فیصد تھی آپ کی حکومت کے نوماہ میں دس فیصد ہے، عمران صاحب جن کو چور کہہ رہے ہیں اُن کی حکومت میں ترقی کی شرح 5.8 فید تھی اور آپ کی حکومت میں کم ہوگئی۔