احتساب عدالت کا چوہدری برادران کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات بند کرنے کا حکم
لاہور: احتساب عدالت لاہورنے چوہدری برادران کے خلاف پلاٹوں کی خریداری کے الزام میں تحقیقات بند کرنے کا حکم دے دیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے تفتیشی افسر نےعدالت کو بتایا کہ چوہدری برادران کے خلاف ایل ڈی اے سٹی میں 28 پلاٹوں کی غیر قانونی خریداری کی انکوائری کی گئی، چھان بین کے دوران معلوم ہوا کہ یہ پلاٹ چوہدری برادران کے ملازم نے خریدے۔
یہ بھی پڑھیں: نیب نے چوہدری برادران کے خلاف تحقیقات بند کردیں
احتساب عدالت لاہورکے جج جواد الحسن نے نیب کی درخواست پر انکوائری بند کرنے کا فیصلہ سنایا۔ نیب نے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کےخلاف ایل ڈی اے سٹی اسکیم میں 28 پلاٹوں کی خریداری کی انکوائری عدم شہادتوں کی بنیاد پر بند کرنے کی سفارش کی تھی۔
تفتیشی افسر نے احتساب عدالت کو بتایا کہ چوہدری برادران کے خلاف 28 پلاٹوں کی غیر قانونی خریداری کی انکوائری کی گئی،چھان بین کے دوران معلوم ہوا کہ یہ پلاٹ ان کے ملازم نے خریدے، چیئرمین نیب انکوائری بند کرنے کی منظوری دے چکے ہیں جس کے بعد احتساب عدالت نے انکوائری بند کرنے کا حکم دے دیا۔