قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف لندن میں 7ہفتے قیام کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ شہباز شریف کا طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا۔ نون لیگی کارکن اور رہنما اپنے صدر کے استقبال کے لیے لاہور ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ شہباز شریف نے استقبال کیلئے آنے والے پارٹی رہنماؤں سے مصافحہ کیا اور ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا۔
یہ بھی پڑھیں: میاں شہباز شریف بجٹ اجلاس سے قبل پاکستان آئیں گے یا نہیں؟ واضح اعلان کردیا
بعد ازاں شہباز شریف کا قافلہ ایئرپورٹ سے ان کی رہائش گاہ کی طرف روانہ ہوگیا۔ قبل ازیں کارکنوں اور اے ایس ایف اہلکاروں کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی جس کے بعد کارکن ایئر پورٹ میں گھس گئے۔ جس کے بعد پولیس کی مزید نفری اور واٹر کینن طلب اور سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی۔ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کا سارا کاروبار جھوٹ پرچل رہا ہے۔ یہ لوگ نفرت اور تکبرکی سیاست کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں لاہورایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز لیگ کے رہنما امیر مقام نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی واپسی اپوزیشن کے لیے خوشی کا دن اور پی ٹی آئی حکومت کے لیے ماتم کی گھڑی ہے۔ واضح رہے کہ شہباز شریف 10 اپریل کو طبی معائنے کے لیے برطانیہ گئے تھے۔