پنجاب

مبینہ پولیس مقابلہ، ’القاعدہ کے نو شدت پسند ہلاک‘

لاہور س صحافی عبد الناصر کے مطابق یہ کارروائی شیخوپورہ کے علاقے کھیروکی مالیاں میں کی گئی جہاں سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کے مطابق القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 13 یا 14 شدت پسند موجود تھے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ شدت پسند لاہور اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، دفاتر اور اہم حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے شدت پسندوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا اور اس کو چاروں اطراف سے گھیر کر انھیں ہتھیار پھینک کر خود کو حوالے کرنے کا کہا۔ تاہم انھوں نے پولیس کی چھاپہ مار ٹیم پر فائرنگ کردی۔

ترجمان کے مطابق جب فائرنگ کا سلسلہ تھما تو جائے وقوعہ سے شدت پسندوں کی نو لاشیں ملیں۔

سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ تمام شدت پسند اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے جبکہ چار یا پانچ دیگر شدت پسند رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقعے سے فرار ہوگئے۔

سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق مارے جانے والے شدت پسندوں کے قبضے سے چار کلاشنکوف، پانچ پستول، چھ کلوگرام دھماکہ خیز مواد اور چھ موٹرسائیکلیں بھی برآمد ہوئیں۔ ترجمان کے مطابق فرار ہونے والے دیگر شدت پسندوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔

خیال رہے کہ نومبر کے مہینے میں پنجاب میں سی ٹی ڈی کی یہ پہلی کارروائی ہے جبکہ اکتوبر میں سی ٹی ڈی نے پنجاب کے اضلاع خانیوال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، اور ڈیرہ غازی خان میں اسی طرح کی پانچ بڑی کارروائیوں میں مبینہ طور پر القاعدہ،، دولت اسلامیہ اور تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے 26 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close