مولانا مسرور جھنگوی پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب
مولانا مسرور جھنگوی پنجاب کے وسطٰی شہر جھنگ کی صوبائی پی پی 78 پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوئے.
مسرور جھنگوی کو اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی کی حمایت حاصل تھی
پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 78 مسلم لیگ نون کی رکن اسمبلی راشدہ یعقوب کے نااہل ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی.
صوبائی اسمبلی کی اس نشست پر اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی بھی امید وار تھے تاہم وہ آزاد امید وار مولانا مسرور جھنگوی کے حق میں دستبردار ہو گئے.
ضمنی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق حکمران جماعت مسلم لیگ نون کو اس نشست پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور اس طرح حکمران جماعت 2013 میں جیتی ہوئی نشست ضمنی انتخابات میں کھو بیٹھی.
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مولانا مسرور جھنگوی 48 ہزار 500 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ کے امیدوار ناصر انصاری 35 ہزار 479 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے.
پنجاب اسمبلی کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سمیت دو درجن سے زائد امیدوار میدان میں تھے.