چوہدری نثار نے نیشنل ایکشن پلان کا سیاسی فائدہ اٹھایا، بلاول بھٹو زرداری
گلگت: چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان اب (ن) لیگ ایکشن پلان ہو چکا ہے اور وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اس کا سیاسی فائدہ اٹھایا ہے۔
پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب کے موقع پر گلگت بلتستان میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سےغریب عوام ،پولیس ،پیپلز پارٹی لڑ رہی ہے، باقی سیاست کررہے ہیں جب کہ (ن) لیگ ناکام لیگ ہے، اس کا دہشت گردوں کے ساتھ این آراو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ووٹ کاٹنے کے لیے دہشت گردوں کو کھڑا کیا گیا لیکن 2018 میں پورے پاکستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہوگی اور آصف علی زرداری پھرسے ہمارے صدر ہوں گے جب کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی ہمارے ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سی پیک پیپلزپارٹی کےمنشور کا حصہ ہے اور یہ آصف زرداری کا ویژن تھا، آصف زرداری نے گوادرپورٹ چین کے حوالے کرکے سی پیک کی بنیاد رکھی لیکن حکمران سی پیک کو متنازع بنا رہے ہیں، گلگت بلتستان والےسوال کرتے ہیں ان کا سی پیک میں کیا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نیشنل ایکشن پلان اب (ن) لیگ ایکشن پلان ہوچکا ہے اور وزارت داخلہ ناکام ہو چکی ہے، وزیر داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان کا سیاسی فائدہ اٹھایا جب کہ وہ ڈاکٹر عاصم اور ایان علی کے پیچھے لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں لاہور پنجاب کی سیاست میں حصہ لینے نہیں بلکہ پنجاب کی سیاست میں جمہوریت پر قبضہ کرنے آیا ہوں۔