لاہور : مریم نواز نے این اے 249 کا ضمنی انتخاب جیتنے کا دعویٰ کردیا
انہوں نے کہا کہ ووٹ چور جلد کٹہرے میں کھڑے ہوں گے، چند سو ووٹوں سے ن لیگ کا الیکشن چرایا گیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی میڈیا پر حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے نتائج سے متعلق ٹوئٹ میں کہا کہ چند سو ووٹوں سے ن لیگ کا الیکشن چرایا گیا۔ الیکشن کمیشن متنازع الیکشن کے نتائج کو روکے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے نتیجہ نہ بھی روکا پھر بھی یہ عارضی نتیجہ ہوگا۔ ووٹ کو عزت مل رہی ہے اور مل کر رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور خصوصاً این اے 249 کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے نواز شریف اور مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا اور مفتاح اسماعیل کو منتخب کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے ایک بہت اہم فتح ہے۔ عوام کے جاگنے کا بھی شکریہ آپ کے ووٹ چوری کرنے والے جلد آپ کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے، انشاءاللّہ یہ ہمارا آپ سے وعدہ ہے!
نائب صدر ن لیگ نے مفتاح اسماعیل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے آپ کو شاندار کامیابی عطا کی، جو جلد آپ کو ملے گی۔