سمن آباد، 3 روز کی دلہن کے قتل کا معمہ حل، شوہر نے اعتراف جرم کرلیا
لاہور : سمن آباد کے علاقہ میں مبینہ طور پر شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی حواء کی بیٹی (حرا یعقوب) کی نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے، سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپردخاک کردیا گیا، ملزم کا اعتراف جرم، پولیس نے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شرع کردی۔ بتایا گیا ہے کہ سمن آباد کے علاقہ رسول پارک کے رہائشی محمد یعقوب کی بیٹی کی شادی کو ابھی 3 روز ہی گزرے تھے کہ اسے اس کی بیٹی کی موت کی خبر ملی جس پر وہ جب موقع پر پہنچا تو اس نے اپنی بیٹی کی گردن پر زخموں کے نشانات اور منہ سے جھاگ نکلتی دیکھ کر داماد اور سسرالیوں پر قتل کے شعبہ کے تحت فوری طور پر پولیس کو اطلاع کی جس پر سمن آباد پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر نعش کو قبضہ میں لے لیا اور واقعے کا قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 220/17 مقتولہ کے والد محمد یعقوب کی مدعیت میں درج کرتے ہوئے نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کردیا جسے سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپردخاک کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کے شوہر عمر تنویر نے حرا یعقوب کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقتولہ کی اس کے اہل خانہ نے زبردستی اس کے ساتھ شادی کردی تھی تاہم پوسٹمارٹم کی رپورٹ اور مکمل تفتیش کے بعد ملزم کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔