پنجاب

آپریشن رد الفساد ملک میں دیرپا امن و استحکام لائے گا، سربراہ پاک فوج

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ آپریشن رد الفساد ملک میں دیرپا امن و استحکام لائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور چھاؤنی کا دورہ کیا جہاں انہیں بہاولپور کور کی آپریشنل تیاریوں اوراندرونی سیکیورٹی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی جس پر آرمی چیف  نے اطمینان کا اظہار کیا جب کہ آرمی چیف نے افسروں سے خطاب میں آپریشن رد الفساد کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آپریشنز میں نوجوان افسران اور جوانوں کی مثالی کارکرد گی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن رد الفساد ملک میں دیرپا امن و استحکام لائے گا، ہمارے سپاہی پاک فوج کی اصل طاقت ہیں جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تجربے نے فوج کو سخت جان بنادیا ہے اوراس تجربے نے فوجیوں کو روایتی جنگ لے لیے بھی بہتر تیار کیا ہے۔

دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ دنوں اورکزئی ایجنسی میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر مدثر کے گھر جاکر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی، اس موقع پر میجر مدثر کے والدین اور بیوہ نے ان کی شہادت پر فخر کا اظہار کیا جس پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ  شہادت پر فخر کرنے والی قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

واضح رہے کہ 22 مارچ کو اورکزئی ایجنسی میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے جھڑپ میں پاک فوج کے میجر مدثر اور سپاہی مطیع اللہ شہید ہوئے جب کہ اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close