مردم شماری قومی فریضہ ہے، جس کیلئے پاک فوج اور سول انتظامیہ ایک پیج پر ہیں، بریگیڈیئر امجد رشید
سرگودھا: سرگودہا ریجن میں مردم شماری کے انتظامات کا جائزہ لینا کیلئے فوجی اور سول انتظامیہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر سرگودہا کے آفس میں مردم شماری کے دوسرے مرحلے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر امجد رشید نے کہا کہ مردم شماری قومی فریضہ ہے، جس کیلئے پاک فوج اور سول انتظامیہ ایک پیج پر ہیں، مردم شماری قومی ترقی اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے، ضروری ہے کہ ہر شہری ملک کے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں منصوبہ بندی کیلئے صحیح اعدادوشمار مہیا کرے، مردم شماری کے فیلڈ سٹاف کو غلط معلومات مہیا کرنا قانونا جرم ہے، جس پر عدالت سے سزا بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے عملہ کی سیکورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے جا رہے ہیں، سیکورٹی کیلئے پولیس کے نام اور فون نمبر مردم شماری کے فیلڈ سٹاف اور آرمی کو دے دیئے جائیں گے، اسی طرح پولیس اور دیگر سٹاف کو وائرلیس اور واکی ٹاکی کے سیٹ بھی مہیا کئے جا رہے ہیں۔