وطن کے لئے قربانیاں دینے والے اصل ہیروہیں، آرمی چیف
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ وطن کے لیے قربانیاں دینے والے اصل ہیرو ہیں اور امن واستحکام ان ہی کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں اعزاز دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف سمیت پاک فوج کے اعلیٰ حکام اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں 33 افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری، ایک کوتمغہ جرات اور 35 جوانوں و افسروں کوتمغہ بسالت سے نوازا گیا جب کہ شہدا کے اعزازات لواحقین نے وصول کیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا اور غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے لیے قربانیاں دینے والے اصل ہیرو ہیں، ملک میں امن واستحکام افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کا ہی نتیجہ ہے۔