پنجاب

پنجاب بھر میں مطلوب دہشت گردوں کی ’’ریڈ بک‘‘ جاری

لاہور: كاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ كی جانب سے پنجاب بھر میں مطلوب دہشت گردوں كی ’’ریڈ بك 2017‘‘ جاری كردی گئی۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری ریڈ بك میں مطلوب دہشت گردوں كی تعداد 113 ہے جب کہ سال 2016 میں مطلوب دہشت گردوں كی تعداد 109 تھی۔ ریڈ بک کے مطابق سب سے زیادہ 19 دہشت گردپنجاب كے صوبائی دارالحكومت لاہور میں مقیم ہیں۔ ریڈ بك میں دہشت گردوں كے سر كی قیمت 50 پچاس لاكھ مقرر كی گئی ہے جب کہ سب سے زیادہ ہیڈ منی ایک کروڑ سابق صدر پرویز مشرف پر حملے میں ملوث دہشت گرد مطیع الرحمن كی ہے۔

ریڈ بك كے مطابق یہ دہشت گرد پنجاب كے مختلف 25 اضلاع میں رہائش پذیر ہیں۔ سرگودھا اور فیصل آباد میں 8،8 دہشت گرد، وفاقی دارالحكومت سے منسلك ضلع راولپنڈی میں 6 جب كہ ملتان، اٹك، رحیم یارخان، شیخوپورہ اور بھكر میں 5، 5 دہشت گرد رہائش پذیر ہیں۔

ریڈ بك میں سابق صوبائی وزیرداخلہ پنجاب كرنل (ر) شجاع خانزدہ شہید پر خودكش حملے میں ملوث تین دہشت گردوں حافظ محمد سہیل، محمد نیاز عرف ذیشان، ظہیر احمد عرف شاكر كے نام بھی شامل ہیں، یہ تینوں دہشت گرد اٹك كے رہائشی ہیں تاہم ان تینوں دہشت گردوں كی ہیڈ منی كی مد میں رقم مقرر نہیں ہے۔

ریڈ بك میں دہشت گردوں كی تصاویر،ان كے مقدمات كی تفصیل اور ان كے رہائشی ایڈریس بھی شامل ہیں تاہم متعدد دہشت گردوں كی تصاویر موجود نہیں ہیں۔گزشتہ سال كی نسبت اس سال جاری ہونے والی ریڈ بك میں دہشت گردوں حوالے سے اضافی معلومات بھی شامل ہیں۔ ریڈ بك میں دہشت گردوں كے شناختی كارڈ نمبر، چال ڈھال، ان كی زبانوں، جسمانی ساخت، بالوں كا رنگ اور دیگر معلومات بھی شامل كی گئی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close