وزیراعلیٰ پنجاب کا 5 بڑے شہروں میں 200 مقامات پر فری وائی فائی ٹاور لگانے کا اعلان
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب کے 5 بڑے شہروں میں 200 مقامات پر فری وائی فائی ٹاور لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نظام بھی کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے جبکہ زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے سے کرپشن کا خاتمہ ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق ارفع کریم آئی ٹی ٹاور فری وائی فائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے پنجاب کے 5 بڑے شہروں میں 200 مقامات پر فری وائی فائی ٹاور لگانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی یونیورسٹی کیلئے بیدیاں روڈ پر زمین انتظامیہ کے حوالے کر دی ہے اور بجٹ میں اس کیلئے فنڈز بھی رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا نظام بھی کمپیوٹرائز کردیا گیا ہے اور اب پولیس کی ایف آئی آرز آئی ٹی سسٹم پر درج ہوتی ہیں جبکہ پنجاب کے 56 ملین افراد کی زمینوں کی ملکیت کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈکرنے کافائدہ ہوا ہے اور کرپشن کا خاتمہ ہوا ہے، پنجاب کی عوام کو پٹواری کلچر سے آزادی دلائیں گے۔