لاہور: صوبہ پنجاب میں ڈینگی وائرس کے ریکارڈ کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں، گزشتہ روز صوبے بھر میں 500 سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا، صوبائی سیکریٹری صحت عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز صوبے بھر سے ڈینگی کے 508 کیسز رپورٹ کیے گئے۔
سیکریٹری کا کہنا ہے کہ لاہور سے ڈینگی کے 373 مریض رپورٹ ہوئے، راولپنڈی سے 59، فیصل آباد سے 10 جبکہ ننکانہ صاحب سے 8 کیسز رپورٹ کیے گئے، پنجاب میں ڈینگی کے 1 ہزار 490 مریض زیر علاج ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال اب تک ڈینگی کے 5 ہزار 709 کیسز سامنے آچکے ہیں، رواں سال اب تک ڈینگی سے 18 اموات ہو چکی ہیں۔