پنجاب

سی پیک آنکھیں بند کرکے بنایا تو سلامتی کیلئے خطرہ بھی بن سکتا ہے، شیخ رشید

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ فوج صرف مردم شماری نہیں الیکشن شماری پہ بھی کام کر رہی ہے، پاناما فیصلے سے وہ مطمئن اور جے آئی ٹی میں شامل ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار نہیں کریں گے، فوج وقت سے پہلے الیکشن کی بھی تیاری کر رہی ہے۔ اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ انہیں اب کسی عہدے کا لالچ نہیں، سیاست سے باعزت ریٹائر ہونا چاہتے ہیں، مگر ایک دفعہ عمران خان کو آزمانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 1985ء سے سگار پی رہے ہیں اور سگار پینے سے ذہن میں اللہ کی طرف سے آمد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرویز مشرف کے سارے مہنگے سگار پی جاتے تھے، پرویز مشرف کی بیگم انہیں سگار پینے سے منع کر تی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سی پیک کے حامی ہیں لیکن اگر آنکھیں بند کر کے بنائیں گے تو یہ ہماری خود مختاری کیلئے خطرہ بھی بن سکتا ہے۔

اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ پراجیکٹ کے مزدور تک چین سے آرہے ہیں ، اسلام آباد میں الگ سے ہوٹل تعمیر کئے جارہے ہیں ،جہاں کوئی پاکستانی داخل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کمرشل کوریڈور ہو تو کوئی خطرہ نہیں لیکن اگر دفاعی مسئلہ بن گیا تو جنگ عظیم بھی کروا سکتا ہے۔ پاناما کے فیصلے پر رد عمل میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے مطمئن ہیں ،ن کاجنازہ نکلے گا لیکن ابھی فیصلے کی مشین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بند ہوگئی ۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے لئے تیسرا جبکہ وزیراعظم کے لیے چوتھا سال مشکل ہوتا ہے۔ نواز شریف چاہتے ہیں کہ اگلے سال مارچ تک سینیٹ میں ان کی اکثریت ہوجائے تاکہ جو بھی آئندہ حکومت بنے ا سے مفلوج بناسکیں۔اپنی جائیداد کے وارث کے سوا ل پر انہوں نے کہا کہ پہلے اپنی جائیداد شوکت خانم ہسپتال کو عطیہ کی تھی مگر اب واپس لے لی ۔عمران خان اورپی ٹی آئی کے رہنماﺅں نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔انہوں نے کہا کہ کافی حد تک باغی ہیں اگر آئندہ انتخابات میں کامیابی نہ ملی تو انقلاب لانے کی کوشش اور خود کش سیاست کرینگے۔ سب سیاستدانوں کے بچے نالائق ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آصف زرداری سے کہا تھا کہ بلاول بھٹو کو سیاست میں آگے لائیں، عمران خان کے ساتھ نوجوان قیادت کے لیے گنجائش ہے لیکن تحریک انصاف کے اندر کھینچا تانی بہت ہے۔ عمران خان سے اچھی دوستی ہے لیکن کسی پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں ہیں۔شادی کے سوال پر ہنستے ہوئے کہا کہ عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ بڑھاپے کی شادی اور بنک کی نوکری آسان کام نہیں، اکاﺅنٹ پر ہر وقت نظر رکھنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں والدہ سے بے پناہ محبت تھی، والدکے ساتھ ان کی زیادہ بنتی نہیں تھی۔ ماں سے وہ کہتے تھے کہ کب ان کی عمر ہو گی اور وہ کونسلر بنیں گے۔ وہ بہت بڑے بھی ہو گئے تو ماں کے ساتھ سوتے تھے، ماں ڈرتی تھی کہ باقی بہن بھائیوں کو کہیں نقصان نہ پہنچا دوں، اس وجہ سے ماں کبھی افیم بھی پلا دیتی تھی۔ جس دن ماں نے وفات پائی، انہیں سات سال قید ہو گئی، وہ ماں کے سفید ٹوپی والے برقعے سے اپنا کفن بنوائیں گے۔ فوج کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ گورڈن کالج میں جنرل باجوہ ان کے جونیئر تھے، شادی بیاہ کے موقع پر ان سے ملاقات ہوتی رہتی ہے۔ ذرائع آمدن کے سوال پرانہوں نے کہا کہ چار پانچ سو کنال پر محیط فریڈم ہاﺅس ہے لیکن پھر بھی وہ مقروض ہیں، بھائیوں کے ساتھ مل کر کاروبار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف میں وزیر اعظم بننے کی قابلیت نہیں، وہ مقدر کا سکندر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوانی میں بھارتی اداکارہ ریکھا سے بات چیت تھی، اداکار دلیپ کمار سے بھی اچھے تعلقات ہیں۔ پاکستانی اداکارہ ریما خان انٹرویو کرنا چاہتی ہیں لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ انہوں نے ہمیشہ کامیاب محبت کی، کسی کو دھوکہ نہیں دیا۔ موسیقی سے لگاﺅ ہے بھارتی گلوکار مکیش اور نصرت فتح علی خان کو سنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابی کا راز مہنگے کپڑے، مہنگا ہوٹل، مہنگے سگار اور قیمتی گاڑیاں ہیں۔ وہ شیخ ہیں اور آج کل کا آٹھ نو کروڑ کا جلسہ نہیں کر سکتے، اس لیے مشن کے تحت ٹی وی پر جا کر عوام تک اپنا پیغام پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی نہیں دیکھتے، اخبار پڑھتے ہیں۔ اپنے پسندیدہ کھانوں کے بارے میں کہا کہ انہیں ماں کے ہاتھ کی بنی مونگ کی دال اور گوشت بہت پسند تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close