نوکری کا جھانسہ دے کر بیرون ملک لڑکیوں کو فروخت کرنے والے گروہ کا انکشاف
لاہور: نوکری کا جھانسہ دے کر سبزہ زار کے رہائشی امجد نے 2 لڑکیوں کو دبئی میں بھارتی شہری کو فروخت کردیا جس پر سول کورٹ لاہور نے تحقیقات کا حکم دے دیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق دبئی میں فروخت ہونے والی لڑکیوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ امجد نے انہیں نوکری کا جھانسہ دے کر دبئی میں ایک بھارتی شہری کے ہاتھوں 3 لاکھ روپے کے عوض فروخت کردیا ہے ۔ بھارتی شہری کے پاس اور بھی لڑکیاں ہیں جن سے وہ زبردستی جسم فروشی کا کام کراتا ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ ان کی داد رسی کی جائے اور بھارتی شہری کے چنگل سے آزاد کرایا جائے۔
دوسری طرف متاثرہ لڑکیوں کی والدہ سیشن کورٹ پہنچ گئی جہاں اس نے سبزہ زار کے رہائشی امجد کے خلاف درخواست دائر کی ہے جس میں خاتون نے الزام لگایا ہے کہ سبزہ زار کے رہائشی امجدنے نوکری کے نام پر میری بیٹیوں کو فروخت کردیا۔ خاتون کی طرف سے درخواست آنے کے بعد عدالت نے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو کارروائی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔