سعودی عرب امریکہ کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے، سنی اتحاد کونسل
فیصل آباد: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے زیراہتمام جامعہ رضویہ فیصل آباد میں منعقدہ اہلسنت جماعتوں کے مشترکہ اجلاس کے بعد جاری کئے گئے اعلامیہ میں 20 اہلسنت جماعتوں نے نواز شریف سے استعفی کا مطالبہ کر دیا، 22 تا 27 مئی بھارت مردہ باد مہم چلانے کا بھی اعلان کر دیا گیا، حکومت عالمی عدالت انصاف کا غیر منصفانہ فیصلہ مسترد کرکے فی الفور کلبھوشن کو پھانسی دے، سوشل میڈیا پر فوج کیخلاف مہم چلانے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران نیکی پھیلاؤ مہم چلائی جائے گی، سزا یافتہ گستاخان رسول کو پھانسیاں دی جائیں، نیوز لیکس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے، اکثریتی مکتبہ فکر کی کسی شخصیت کو اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین نامزد کیا جائے۔ اہلسنت جماعتوں کا مشترکہ ہنگامی اجلاس چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی زیر صدارت جامعہ رضویہ مظہر الاسلام فیصل آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 20 اہلسنت جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اہلسنت جماعتیں متحد ہو کر آئندہ الیکشن میں حصہ لیں گئیں۔ اجلاس میں اتحاد اہلسنت کی کوششوں کیلئے کمیٹی بھی قائم کی گئی۔ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ بھارت نواز حکمران کل بھوشن کے سہولت کا نہ بنیں، شریف خاندان سے بھارت کے کاروباری تعلقات ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، سعودی عرب میں اسلامی کانفرنس امریکی ایجنڈے کے تحت منعقد کی جا رہی ہے، سعودی عرب امریکہ کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے، عالم اسلام کے خلفشار کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے، کلبھوشن کو پاکسانی قوانین کے مطابق کیفرارکردار تک پہنچایا جائے۔ حکمران خاندان نے اپنا سرمایہ ملک سے باہر منتقل کرکے پاکستان سے بے وفائی کی ہے۔ اجلاس میں سنی اتحاد کونسل، مرکزی جمعیت علماء پاکستان، انجمن طلباء اسلام، نیشنل مشائخ کونسل، تنظیم المساجد پاکستان، سنی تحریک، نظام مصطفی پارٹی، پاکستان فلاح پارٹی، انجمن نوجوانان اسلام، سنی علماء بورڈ، جانثاران ختم نبوت، سنی یوتھ ونگ، انجمن خدام اولیاء، بزم ہمدم پاکستان، تحریک نفاذ فقہ حنفیہ، تحریک فروغ اسلام، مصطفائی جسٹس کونسل، محاذ اسلامی، تحریک عوام اہل سنت، مجلس رفقاء اسلام کی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں مفتی حسیب قادری، مفتی مقیم خان قادری، امانت علی زیب، صاحبزادہ حسین رضا، مولانا محمد صدیق، ارشد مصطفائی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، سید جواد الحسن کاظمی، پیر معاذالمصطفے، مفتی مشتاق احمد نوری، علامہ حامد سرفراز، پیر میاں غلام مصطفے، صاحبزادہ عمار سعید سلمانی، محمد اکرم رضوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت رمضان المبارک میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات کرے۔ اقوام متحدہ کشمیر میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے۔ افغانستان کی حکومت بھارت کے ہاتھوں میں نہ کھیلے۔ ملک میں عملاً نظام مصطفی(ص) نافذ کیا جائے۔ ٹی وی چینلز رمضان نشریات کو خرافات سے پاک رکھیں اور رمضان نشریات کی میزبانی مستند علماء سے کروائی جائے۔ جے آئی ٹی کی کارروائی اوپن کی جائے۔