جھنگ، شیخ وقاص اکرم کا این اے 88 سے الیکشن لڑنے کا اعلان
جھنگ: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر تعلیم شیخ وقاص اکرم نے این اے 88 سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ مہم بھی شروع کر دی ہے۔ کار ریلی کے ہمراہ جھنگ سے بھوآنہ پہنچے، جہاں پرانا اڈا لاریاں میں لگائے گئے کیمپ میں ملک ثناء اللہ سنی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
بھوانہ میں کار ریلی کے اختتام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم ایل این کے رہنماء نے کہا کہ عوام کی خدمت ان کا شعار ہے، ماضی کی کارکردگی کے باعث جھنگ کے عوام ان کے ساتھ ہیں اور آئندہ الیکشن میں وہ این 88 سے کامیاب ہو کر مخالفین کو بتائیں گے کہ عوام کی خدمت کیسے کی جاتی ہے، آئندہ مالی سال کا بجٹ صوبے کے عوام کی امنگوں کا ترجمان ہوگا اور تیز رفتار ترقی و عوام کی خوشحالی کے بڑے پروگرام کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بجٹ میں صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیا جائیگا، زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسانوں کو ریلیف کی فراہمی اور زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے زیادہ وسائل مختص کیے جائینگے، کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔