سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس، پولیس میں اصلاحات کی ہدایت
کراچی: کورہیڈکوارٹر کراچی میں سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں پر سیکیورٹی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اصلاحات اور سیف سٹی منصوبے پر کام میں تیزی لانے پر زور دیا گیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹرز کراچی میں سیکیورٹی کی صورت حال اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے سندھ ایپکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، چیف سیکریٹری، کورکمانڈرکراچی، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی رینجرزسندھ اورسول وعسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں کراچی میں امن وامان اور داخلی سیکیورٹی کے حوالے سے متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد میں پیش رفت کاجائزہ لیا گیا جبکہ کراچی سینٹرل جیل سے خطرناک دہشت گردوں کے فرارکامعاملہ بھی زیر بحث آیا اور اس طرح کےواقعات سےبچنے کے لیے ممکنہ اقدامات پربھی بات چیت کی گئی۔ 5 گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں امن و امان کی صورت حال پراطمینان کا اظہارکیا گیا اور صوبےمیں دیرپاامن کے لیے مزیداقدامات پرزوردیاگیا۔
صوبے میں امن کے استحکام کے لیے پولیس اصلاحات، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے وفاق اورصوبائی حکام کےدرمیان مربوط تعاون، اور سیف سٹی منصوبے پرکام تیزکرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کراچی میں امن وامان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی اور دہشت گردی کےخاتمےکے لیے معاونت پر کراچی کور اور رینجرزکی کاوشوں کو سراہا۔
آرمی چیف نے تمام متعلقہ اداروں کا آپس میں رابطوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحتیوں کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ سندھ پولیس میں بہتری کی تعریف کرتے ہوئے انھوں نے میرٹ پر بھرتیوں اور نوجوان تربیت یافتہ اہلکاروں اور کمانڈ کو مضبوط کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ریاستی قوانین پر عملدرآمد، فوری انصاف کے ذریعے ہی موثر ریاستی عملداری اور لااینڈ آرڈر کو قائم کیا جاسکتا ہے، پیش رفت کے باجود ان معاملات پر ہمیں بہت کچھ کرنا ہے’۔ آرمی چیف نے کہا کہ ‘پاک فوج اس حوالے سے تمام ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کو جاری رکھے گی’۔