آج ثابت ہوجائے گا کہ ایم کیوایم غریب و متوسط طبقے کی جماعت ہے، فاروق ستار
کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا ہے کہ آج کے ضمنی انتخابات کے بعد ثابت ہوجائے گا کہ ہماری قوم تقسیم ہونے اور بکھرنے والی نہیں۔ ایکسپریس نیوز کے ساتھ خصوصی بات کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پی ایس 114 میں ہمیں فتح نصیب ہوگی اور اور آج عوام کو ایک بار پھر موقع ملا ہے کہ وہ ثابت کریں کہ ایم کیوایم پاکستان غریب اور متوسط طبقے کی قومی جماعت ہے اور آج ثابت ہوجائے گا کہ ہم تقسیم ہونے اور بکھرنے والی قوم نہیں بلکہ سب کی ایک ہی آواز ہے کراچی کے عوام ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ایسٹ کوہدایات جاری کی ہیں پی ایس 114 کے سیکیورٹی اقدامات بہتر بنائے جائیں اور تمام پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ کا عمل شفاف انداز میں جاری رہنا چاہئے۔ سہیل انور سیال نے کہا کہ تمام ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں کسی بھی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہئے جب کہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کےلئے پولیس پیٹرولنگ کا عمل جاری رہنا چاہئے اور پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار رینجرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔