جموریت کو کوئی خطرہ نہیں، مولا بخش چانڈیو
حیدرآباد: پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ والے کہتے ہیں وزیراعظم کو کچھ ہوا تو ملک خطرے سے دوچار ہوجائے گا مگر جمہوریت کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔ حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) والے کہتے ہیں وزیراعظم کو کچھ ہوا تو ملک خطرے سے دوچار ہوجائے گا مگر میں پوچھتا ہوں کیسا خطرہ، جمہوریت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں جب کہ کہا جاتا تھا کہ ہم عدلیہ کے پیچھے کھڑے ہیں تو اب کیا ہوگیا۔ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی عمران خان یا بلاول نے نہیں بلکہ سپریم کورٹ نے بنائی، اس کا فیصلہ سپریم کورٹ نے دینا ہے جب کہ ہم نے کبھی عدلیہ کے خلاف نہ ایسی بیان بازی کی اور نہ ہی عدالتی فیصلے کے خلاف ہمارے ایسے الفاظ ملیں گے، مگر جے آئی ٹی اور عدلیہ کو برا بھلا کہنے والے (ن) لیگ کے وزراء کی لائن لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی کیفیت کو موجودہ حکومت نہیں سمجھ سکتی جب کہ ماضی میں (ن) لیگ والے بھٹو کے خلاف بات کرتے نہیں تھکتے تھے لیکن آج انہیں بھٹو اور بینظیر یاد آرہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) والے جتنے مرہم رکھ لیں ہم بھٹو کا جانا بھول نہیں سکتے۔