مصطفیٰ کمال کا اتوار کو لندن میں الطاف حسین کے گھر کے باہر احتجاج کا اعلان
کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے اتوار کو لندن میں الطاف حسین کے گھر کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے کے کہنے پر اورنگی ٹاؤن میں ہمارے دو کارکنوں کو قتل کیا گیا ہے، پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن سے بھی رابطے میں ہیں، ان کو اس حوالے سے تمام شواہد فراہم کریں گے، جب تک ایم کیو ایم زندہ رہے گی، اس شہر کراچی میں قتل و غارت جاری رہے گی، جتنے بھی فاروق ستار آجائیں، ایم کیو ایم ان کی نہیں ہو سکتی ہے، ایم کیو ایم کسی بھی صورت میں ہو، وہ الطاف حسین کی ہے، فاروق ستار بھی میرے ساتھیوں کی قتل میں برابر کے شریک ہیں، آج بھی مئیر کراچی کمیشن اور رشوت لے کر الطاف حسین کو فنڈز بھیج رہے ہیں،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس احمد قائم خانی سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ الطاف حسین کے کہنے پر ہمارے کارکنوں کو قتل کیا گیا، میرے پاس الطاف حسین کی ویڈیو اور آڈیو موجود ہیں، جس میں وہ مارنے کا طریقہ، کیسے مارنا ہے، کس کس کی ٹیمیں بنانی ہیں، یہ سب بتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین سے زیادہ بزدل آدمی پیدا نہیں ہوا ہے، متحدہ قائد کسی دن شراب کے نشے میں گندگی میں ختم ہو جائیں گے، کوئی نماز جنازہ پڑھانے والا نہیں ہوگا۔
مصطفی کمال نے کہا کہ فاروق ستار اور انکے ساتھیوں نے اور جس نے بھی ایم کیو ایم پاکستان بنائی، اس نے الطاف حسین کو زندہ کیا ہے، آج انہی کی وجہ سے الطاف حسین نے دوبارہ خون پینا شروع کر دیا ہے، پوری لوکل گورنمنٹ مئیر سمیت الطاف حسین کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے پی ایس 114 میں الیکشن کا بائیکاٹ کرکے ایم کیو ایم پاکستان کو فری ہینڈ دیا تھا، الطاف حسین کو اگر اجازت ملے گی تو ایم کیو ایم پاکستان ایم کیو ایم لندن میں ضم ہو جائے گی، ایم کیو ایم پاکستان ایم کیو ایم لندن کا سیاسی ونگ ہے، متحدہ قائد اپنا عسکری ونگ لندن اور سیاسی ونگ متحدہ پاکستان کی صورت میں چلا رہے ہیں، ہم نے فاروق ستار کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا تو یہ کیوں نہیں مان رہے، اسکی بنیادی وجہ یہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں الطاف حسین کے گھر میں گھس کر ہر طریقے سے اسکو ہٹ کروں گا، میں الطاف حسین کے کارکنان یا انکے ماننے والوں کو نشانہ نہیں بناؤں گا، اتوار کو لندن میں الطاف حسین کے گھر کے باہر ہمارے کارکنان مظاہرہ کریں گے اور اسے گھر سے باہر نکلنے نہیں دیں گے، ہمارے کارکن برطانیہ کی سرزمین بانی متحدہ کیلئے تنگ کر دیں گے۔