نواز شریف کی نااہلی کی صورت میں پی پی پی نے وزیراعظم کے لئے امیدوار لانے کا فیصلہ کرلیا
کراچی: پاناما لیکس کیس میں وزیراعظم کی نااہلی کی صورت میں پیپلز پارٹی نے بھی امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پاناما لیکس کیس کا فیصلہ محفوظ کئے جانے کے بعد کی صورت حال کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، آئندہ کی حکمت عملی بھی تیار کی جارہی ہے جس کے حوالے سے کئی آپشنز زیر غور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی وزیر اعظم کی نا اہلی کی صورت میں میدان خالی نہیں چھوڑے گی اور اپنا امیدوار لائے گی۔ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہونے کی حیثیت سے پیپلز پارٹی چاہے گی کہ اس کا امیدوار سب کی حمایت کا حامل ہو۔ اس سلسلے میں تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ ن لیگ کے 189 ارکان کے مقابلے میں قومی اسمبلی میں دیگر جماعتوں کی پوزیشن درج ذیل ہے۔
پیپلز پارٹی 47
تحریک انصاف 33
ایم کیو ایم 24
جے یو آئی (ف) 13
فنکشنل لیگ 5
پختونخوا ملی عوامی پارٹی 3
نیشنل پیپلز پارٹی 2
جماعت اسلامی 4
ق لیگ 2
مسلم لیگ (ضیاء) 1
نیشنل پارٹی 1
عوامی مسلم لیگ 1
عوامی جمہوری پارٹی 1