سندھ

ریلیف کیمپس سے سیلاب متاثرین نے اپنے گھروں کو لوٹنا شروع کردیا

کراچی: امدادی سرگرمياں جاری ہیں، ریلیف کیمپس سے متاثرین نے اپنے گھروں کو لوٹنا شروع کردیا ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاکہ کاشتکار آئندہ فصل لگا سکیں، 40 لاکھ 70 ہزار 614 قابل کاشت اراضی میں سے 37 لاکھ 73 ہزار 707 ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں حالیہ بارشوں سے تباہ ہوئی ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے گندم کی آئندہ سال سپورٹ پرائس 4000 روپے فی کلو گرام مقرر کی ہے، اس کے علاوہ زرعی قرضوں کی وصولی کو مؤخر کرنے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں، سندھ حکومت نے نقصانات کا درست ڈیٹا جمع کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں ، جو کہ آئندہ پیر سے اپنے سروے کا آغاز کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ میں دو بیراجوں پر پانی 1 لاکھ کیوسک سے نیچے آگیا ہے، گڈو بیراج پر پانی کی آمد 87300 کیوسک اور اخراج 76000 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، سکھر بیراج پر 92200 آمد اور اخراج 82000 ہے، کوٹری بیراج پر آمد 203100 اور اخراج 199300 کیوسک ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے پانی کی نکاسی کے بعد ریلیف کیمپس سے متاثرین نے اپنے گھروں کو لوٹنا شروع کردیا ہے، حیدرآباد کے مختلف علاقوں یوسی ٹنڈو حیدر، یوسی موسیٰ کھٹیان اور دیگر علاقوں میں سرکاری اسکولوں سے متاثرین کو ان کے گوٹھوں کو روانہ کر دیا گیا ہے، ریلیف کیمپس سے اپنے گھروں کو لوٹنے والے متاثرین کو ضلعی انتظامیہ ٹرانسپورٹ کي سہولت، ٹینٹس اور راشن فراہم کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 4 مزید قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں، مجموعی طور 728 افراد ہلاک اور 8422 زخمی ہوئے ہیں، مزید 26506 مویشیوں کے ہلاک ہونے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے ، مجموعی طور پر 340015 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ 1061788 مکانات جزوی اور 720799 مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ محکمہ ورکس اینڈ سروسز کی رپورٹ کے مطابق 2548 سرکاری عمارتیں حالیہ بارشوں سے تباہ ہوئی ہیں، امدادی سرگرمياں جاری ہیں، متاثرین کو اس وقت تک 295093 خیمے ، 281669 پلاسٹک ترپال ، 2309809 مچھردانیاں ، ,749762 لٹر منرل واٹر ، 40575 جیری کینس ، 7579 تکئے ، 4620 بیڈ شیٹس اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے، 777120 خاندانوں کو راشن بیگس دیئے گئے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close