دہشت گردوں کے حامیوں اور سہولت کاروں کو بھی ناہل قرار دیا جائے، ثروت اعجاز قادری
کراچی: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اہلسنت ضمنی الیکشن NA-120 پر نواز لیگ کو ٹف ٹائم دینگے، 2018ء انقلاب کا سال ہوگا، عدلیہ نے نواز شریف پر رحم کیا، ریفرنس نیب میں بھیجنے کے احکامات دیئے، سپریم کورٹ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ جعلی پیپرز پر سزا بھی دے سکتی تھی، ملک کے آئین اور عدالتوں کے خلاف بولنے والے آزاد دندناتے پھر رہے ہیں، دہشتگردوں کی سپورٹ اور سہولت فراہم کرنے والوں کو بھی ناہل قرار دیا جائے، اہلسنت اب متحد ہو چکے ہیں، سنیوں کو تقسیم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، سودی نظام کو تبدیل نہ کرنے، غازی ممتاز قادری کو پھانسی دینے اور ریمنڈ ڈیوس کو رہا کرنے والے ذلیل و رسوا ہوتے رہیں گے، جو جماعتیں ناموس رسالت کے تحفظ اور توہین رسالت ایکٹ کی حمایت و بالادستی کی قائل ہیں، ان سے آئندہ عام انتخابات میں راستے استوار ہونگے، احتساب کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، اب کوئی کرپٹ آئین و قانون سے بھاگ نہیں سکے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر نواز شریف کی ناہلی پر ’’یوم انصاف‘‘ مناتے ہوئے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر مرکزی رہنماء محمد شاہد غوری نے بھی خطاب کیا، جبکہ مرکزی رابطہ کمیٹی کے اراکین محمد مبین قادری، شہزاد قادری، طیب قادری، آصف رضا قادری بھی موجود تھے۔
یوم انصاف منانے کے موقع پر نواز شریف کی نااہلی پر کارکنوں اور عوام نے مٹھائی کھلائی اور خوشی کا اظہار کیا کہ معاشی دہشتگردوں کا احتساب اب شروع ہو چکا ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ نواز حکومت میں کارکنوں پر جھوٹے مقدمات اور اہلسنت کے قائدین کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالے گئے، جو قابل مذمت ہے، دہشتگرد آج بھی آزاد ہیں، جہاں چاہتے ہیں دہشتگردی کر دیتے ہیں، انہیں لگام دینے والا کوئی نہیں ہیں، کالعدم تنظیمیں پوری طاقت اور آزادی کے ساتھ آج بھی اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، کوئی انہیں روکنے والا نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنت کو ریاستی طاقت سے نہیں دبایا جا سکتا، 2018ء کے عام انتخابات میں عوام کے پاس جائیں گے، امن، محبت و بھائی چارگی کے فلسفے کو عام کریں گے، ملک سے مذہبی جنونیت اور لسانیت ختم کرکے ہی ترقی کی منازل طے کی جا سکتی ہے، ہمارا منشور وہ ہی ہے، جو چودہ سو سال پہلے ہمارے آقا کریمؐ نے بنایا، جس پر خلفاء راشدین نے عمل کرکے پوری دنیا میں اسلام کا پرچم بلند کیا۔