اغوا برائے تاوان میں ملوث پولیس سب انسپکٹر رنگے ہاتھوں گرفتار
کراچی: اغوا کار پولیس میں سب انسپکٹر ہے اور گل بہار تھانے میں تعینات تھا
اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے لسبیلہ چوک پر کاروائی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان میں ملوث پولیس سب انسپکٹر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مغوی پراپرٹی ڈیلر کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
ایس ایس پی اے وی سی سی امجد حیات نے بتایا کہ 31 دسمبر کو گارڈن کی حدود سے 35 سالہ پراپرٹی ڈیلر محسن امین کو اغوا کیا گیا تھا جس کا مقدمہ گارڈن تھانے میں فقیر اللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا، اغوا کے اگلے روز اغوا کاروں نے مغوی پراپرٹی ڈیلر محسن امین کی اہیلہ سے تاوان کے لیے رابطہ کیا تھا اور 25 لاکھ روپےتاوان طلب مانگا تھا۔
پراپرٹی ڈیلر کے اغوا کے مقدمے کی تفتیش اے وی سی سی منتقل کردی گئی تھی اغوا کاروں اور مغوی پراپرٹی ڈیلر کے اہلخانہ کے درمیان تاوان کی رقم کے حوالے سے بات چیت چلتی رہی اور تاوان کی رقم 5 لاکھ روپے طے ہوگئی۔
منگل کی سب اغوا کار لسبیلہ چوک کے قریب تاوان کی رقم وصول کرنے پہنچے تھے اور تاوان وصول کرنے فرار ہورہے تھے کہ اے وی سی سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا کار سعید اللہ یوسفزئی کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی اے وی سی سی پولیس کے مطابق اغوا کار سعید اللہ یوسفزئی پولیس سب انسپکٹر ہے اور گل بہار تھانے میں تعینات تھا اور ایک ہفتے قبل ہی خواجہ اجمیر نگری انویسٹی گیشن میں تبادلہ ہواتھا پولیس نے گرفتاراغوا کارکی نشاندہی پرمغوی پراپرٹی ڈیلرمحسن امین کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ پراپرٹی ڈیلرکےاغوا برائے تاوان میں ملوث گرفتار سب انسپکٹر سے مزید تفتیش جاری ہے اور اغوا میں شامل مزید ملزموں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پرچھاپے مارے جارہےہیں۔