ملک کے تمام ائیر پورٹس پر اہم شخصیات کو پروٹوکول دینے پر پابندی
کراچی: ملک بھر کے ایف آئی اے زونز کو انتباہ کیا گیا ہے کہ وفاقی ادارے کا کوئی بھی افسر ہوائی اڈے کے کسی بھی کاؤنٹر پر مسافر کو پروٹوکول نہیں دے گا۔ پاکستان ویوز کے مطابق ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز نے ملک بھر کے تمام ائیرپورٹس پر افسران کو پروٹوکول دینے سے روک دیا ہے اور ملک بھر کے ایف آئی اے زونز کو خط میں انتباہ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی بھی افسر کسی کاؤنٹر پر مسافر کو پروٹوکول دیتا ہوا دکھائی دیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ڈائریکٹر امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ امیگریشن کاؤنٹرز کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے لازمی مانیٹر کیا جائے اور اگر کوئی افسر کسی کاؤنٹر پر پروٹوکول دیتا پایا گیا تو امیگریشن کے عملے کو معطل کردیا جائے گا جب کہ عملے اور شفٹ انچارج کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ خط میں بیرون ملک جانے والے مسافروں کو ہراساں کرنے پر بھی کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پروٹوکول پر پابندی وزارت داخلہ کے حکم پر لگائی گئی ہے۔