جو ہماری حب الوطنی پر شک کرتا ہے ہم اس کی حب الوطنی پر شک کریں گے، فاروق ستار
کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے یوم آزادی کے خلاف لندن سے کھلااعلان جنگ کیا گیا اور پرچم جلائے گئے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان میرے نام سے رجسٹرڈ ہے اور ہماری جماعت نے اس سال پہلے سے زیادہ جھنڈے لگائے اور ذمہ داروں اورکارکنوں نےجوش وخروش سے یوم آزادی منایا لیکن چند گمراہ لوگوں نے مہاجر قوم کا نام بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہوئے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی بات کی اورپرچم جلائے گئے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کے خلاف لندن سے کھلا اعلان جنگ کیا گیا اور یوم آزادی کو یوم سیاہ منانے کا کہا گیا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آواز بدل کر پرچم جلائے گئے اور بزدلوں نے اپنے چہرے ڈھانپ کر یہ عمل کیا ان سے کہتا ہوں کہ جو کچھ کرنا ہے ڈھاٹے اور نقاب اتار کر کرو، مہاجر قوم ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، ہماری جماعت کو کمزور کرنے کی یہ سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی اور جو ہماری حب الوطنی پر شک کرتا ہے ہم اس کی حب الوطنی پر شک کریں گے۔
سندھ میں نیب آرڈیننس کے حوالے سے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر سندھ میں ہونے والی لوٹ مار کے خلاف مہم چلائیں گے ہم نے نیب آرڈیننس کے خلاف بل کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، عدالت نے بھی ہمارے موقف کی تائید کی اور کہا کہ نیب کا قانون سندھ میں نافذ العمل رہے گا اور نیب کے جو مقدمات عدالتوں میں ہیں ان پر کارروائی جاری رہے گی۔ ان کاکہنا تھا کہ میگا کرپشن کے 179 مقدمات زیر تفتیش ہیں اور بیشتر کا تعلق سندھ سے ہے اگر ضرورت پڑے تو ان 179 مقدمات پر بھی جے آئی ٹی بنائی جائے۔ کوٹاسسٹم 2013 میں ختم ہوگیا لیکن آج بھی کوٹاسسٹم کے تحت نوکریاں دی جارہی ہیں اور طے شدہ کوٹے پر بھی سندھ کے شہری علاقوں میں امتیازی سلوک برتا جارہا ہے۔