سندھ

سندھ میں حج پر بھیجنے کا جھانسہ دے کر شہریوں کو کروڑوں روپے کا چونا

کراچی: غیر رجسٹرڈ ٹریول ایجنسی نے سیکڑوں شہریوں کو حج پر بھیجنے کا جھانسہ دے کر ڈھائی کروڑ روپے کا چونا لگا دیا۔ کراچی میں قائم غیر رجسٹرڈ ٹریول ایجنسی نے معصوم شہریوں کو حج پر بھیجنے کا جھانسہ دے کر ڈھائی کروڑ روپے وصول کرلئے تاہم شہریوں کی شکایت پر ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے ایجنسی کو سیل کرکے سب ایجنٹ جہانگیر کو حج پر جانے کے خواہشمند افراد کی رسیدوں کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے جب کہ ٹریول ایجنسی کا مالک غلام شبیر اور دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام کو چند روز قبل ٹنڈواﷲ یار سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی کہ شاہراہ فیصل پر واقع ہاشمی ٹریول ایجنسی کے سب ایجنٹ جہانگیر نے حج پر بھجوانے کے عوض ان سے 4 لاکھ روپے وصول کئے اور اب روزانہ حج پر بھجوانے کی نئی تاریخ دے کر غائب ہوجاتا ہے۔

ایف آئی اے نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ہاشمی ٹریول ایجنسی پر چھاپہ مارا تو انکشاف ہوا کہ ٹریول ایجنسی سندھ میں رجسٹرڈ ہی نہیں ہے، ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والا اس کا مالک غلام شبیر غیر قانونی طور پر سب ایجنٹوں کے ذریعے تقریباً ڈیڑھ سو سے زائد افراد سے ڈھائی کروڑ روپے وصول کرچکا ہے اور ایک بھی شخص کو تاحال حج پر روانہ نہیں کیا گیا ہے، جب کہ ہاشمی ٹریول کے نام پر بکنگ کرانے والے افراد در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ ایف آئی اے نے سب ایجنٹ جہانگیر کو گرفتار کرکے ہاشمی ٹریول دفتر سیل کردیا ہے اور ایجنسی کے مالک غلام شبیر سمیت سب ایجنٹوں فرقان، نعیم اور فواد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close