سندھ

آل پارٹیز کانفرنس کا بائیکاٹ کرنے والوں نے بانی متحدہ کی تقریر کی توثیق کی، فاروق ستار

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کانفرنس کا بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں نے ہمارے پچھلے سال کہ اقدام کو نہیں سراہا بلکہ بانی متحدہ کی پاکستان مخالف تقریر کی توثیق کی ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام کثیر الجماعتی کانفرنس کو موخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کانفرنس کا انعقاد ایک بڑے مقصد کے لئے کیا تھا اور تمام سیاسی جماعتوں سے شرکت کے لئے رابطہ بھی کیا، ہم نے اس کانفرنس کے لئے بہت محنت کی لیکن آج اس کانفرنس کو پریس کانفرنس میں تبدیل کرنا پڑا، تمام سیاسی جماعتوں نے کل رات تک کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی تاہم آج صبح بڑی سیاسی جماعتوں نے اچانک بائیکاٹ کا اعلان کیا، ان جماعتوں کے بائیکاٹ کا ہمیں علم نہیں تھا، ہمیں میڈیا کے ذریعے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا علم ہوا، ہمیں سیاسی جماعتوں کی جانب سے شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر افسوس ہوا۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کا بائیکاٹ ان اہم ایشو کا بائیکاٹ ہے جو کانفرنس میں رکھے گئے، ہمارا سفر 2016ء سے 2017ء تک ہے اور جو جدوجہد ہم نے کی ہے سب کے سامنے ہیں جب کہ گزشتہ سال ملکی سلامتی کے لئے اہم فیصلہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کل ہم نے یہ مثال قائم کی اور دشمنی کے تاثر کو ختم کیا، ہمارا وفد پاک سر زمین کے دفتر گیا، یہ تاثرظاہر کرنا تھا کہ ہم پاکستان کے آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، اپنے تمام تر نظریاتی اختلافات کے باوجود ہمارا وفد 25 سالوں کے بعد مہاجر قومی موومنٹ کے دفتر گیا۔

فاروق ستار نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی سمیت بائیکاٹ کرنے والی دیگر جماعتوں نے ہمارے پچھلے سال کے اقدام کو نہیں سراہا، ہم نے لندن کے نعروں کو مسترد کیا لیکن بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں نے بانی متحدہ کی پاکستان مخالف تقریر کی توثیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے، پی ایس پی اور ایم کیو ایم کے لوگوں کو قتل کیا گیا جب کہ قاتل پکڑے گئے ہیں تو جلد انصاف ہونا چاہیئے، ہم کو کسی سے پاکستانی ہونے کا سرٹیفیکیٹ نہیں چاہیئے، ملک کے خلاف ہونے والی سازش کو بے نقاب کرنے کے لئے آج کی کانفرنس کی تھی۔ فاروق ستار نے کہا کہ جو وزراء اربوں روپے کی کرپشن میں رہے ہیں، ہم نے ان کی سیاسی کرپشن کے خلاف آج کانفرنس رکھی تھی، آج جنہوں نے ہماری کانفرنس کا بائیکاٹ کیا اب عوام ان کا بائیکاٹ کریں گے اور اب تم ہمارا بائیکاٹ دیکھنا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہاجر اتنے کمزور نہیں ہے کہ مودی سے مدد مانگیں، مہاجر اپنے جائز حقوق لینے کی طاقت رکھتے ہیں جب کہ آج فیصلہ ہوگیا کہ پاکستان کے استحکام کے لئے کون جدوجہد کر رہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close