عدالت نے دانیہ شاہ کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا
کراچی: مرحوم عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں گرفتار دانیہ شاہ کو عدالت نے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق جسٹس عمر سیال پر مشتمل سنگل بینچ نے معروف ٹی وی اینکر پرسن عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے معروف ٹی وی اینکر پرسن عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے سے متعلق مقدمے میں دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
وکیل صفائی لیاقت گبول ایڈوکیٹ نے موقف دیا تھا کہ جن نمبروں سے ویڈوز وائرل ہونے کا ذکر کیا جاتا ہے وہ دانیا کے نہیں۔ مقصود کیمرہ مین کا نام چالان میں نہیں۔ یہ وہ باتیں ہیں جن کی بنیاد پر دانیہ شاہ کو جیل بھیجا گیا۔ یہ کیس کمزور ہے دانیہ کو ضمانت دی جائے۔
ڈاکٹر عامر لیاقت کی بیٹی دعائے زہرہ کی شکایت پر گرفتار ملزمہ دانیہ شاہ کو عدالت نے دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔
8 فروری کو سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عمر سیال نے دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے کہ دانیہ شاہ کو دسمبر 2022 میں دعائے زہرہ کی شکایت پر لودھراں سے گرفتار کر کے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔ دانیہ شاہ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں وائرل کیا ہے۔