الیکشن کمیشن نے کراچی بلدیاتی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے
کراچی: پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کی کراچی بلدیاتی انتخابات میں نشستیں برابر ہوگئیں۔
کراچی کی 246 میں سے 235 پر الیکشن ہوئے جس میں سے الیکشن کمیشن نے 215بلدیاتی نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے۔ الیکشن کمیشن نے کراچی کی 20نشستوں کے نتائج مختلف وجوہات کی بنا پر جاری نہیں کیے۔
پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کی کے ایم سی سٹی کونسل میں 84، 84 نشستیں ہوگئیں جبکہ پی ٹی آئی کی 40 نشستیں ہیں۔
مسلم لیگ ن 5، جمیعت علمائے اسلام کی ایک نشست جبکہ ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔ اس طرح، پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں کی مجموعی نشستیں 91ہوجائیں گی۔
حیدرآباد کی یونین کمیٹیز کی نشستوں پر الیکشن کمیشن نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جس کے تحت حیدرآباد میں پہلی مرتبہ میئر پیپلزپارٹی کا آئے گا۔
پیپلزپارٹی 92نشستوں کے ساتھ حیدرآباد میں سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں 160نشستیں ہیں جن میں پی ٹی آئی 39نشستوں پر کامیاب ہوئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک لبیک نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ 13نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے
ضلع کونسل ٹھٹھہ کی 37نشستوں پر پیپلزپارٹی اور تین پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ کسی نشست پر دیگر جماعتوں کا امیدوار کامیاب نہ ہوسکا۔
میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ کی تمام 9 نشستوں پر پیپلزپارٹی امیدوار کامیاب ہوئے۔ ٹاون کمیٹی مکلی کی 7، ٹاون کمیٹی گھارو کی 8 اور ٹاون کمیٹی ساکرو کی 3 نشستوں پر پیپلزپارٹی امیدوار کامیاب ہوئے۔