ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور سندھ حکومت سمیت بلدیاتی ادارے سو رہے ہیں، عارف علوی
کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور سندھ حکومت سمیت بلدیاتی ادارے سو رہے ہیں، کئی دن پہلے الرٹ جاری ہونے کے باوجود بھی پانی کی نکاسی آب اور نالوں کی صفائی کے لئے کسی قسم کے انتظامات نہیں کئے گئے، ایک دن کی بارش نے سندھ حکومت اور کراچی کے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے کراچی شہر میں بارش کے باعث زیر آب آنے والے علاقوں میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں کے دوران میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ اور دیگر کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
تحریک انصاف کے کارکنان نے ڈاکٹر عارف علوی اور حلیم عادل شیخ کی سربراہی میں امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور شہر میں طوفانی بارش سے متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں حکومت سندھ اور شہری حکومت نے کراچی کے شہریوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، تحریک انصاف کراچی کے کارکنان اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندے چیئرمین عمران خان کی خاص ہدایت پر اپنے اپنے علاقوں میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے مصروف عمل ہیں، عوامی خدمت کے لئے اختیار نہیں بلکہ صاف نیت کی ضرورت ہے، ہم حکومت سندھ اور شہری حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی کے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور شہر سے پانی کی نکاسی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔