سندھ
مشرف کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کیلئے سندھ حکومت وفاق سے درخواست کریگی
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے پرویز مشرف کی گرفتاری کیلئے وفاق سے درخواست کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بینظیر کے قتل کیس میں اشتہاری قرار دیے گئے پرویز مشرف کی انٹرپول سے گرفتاری کے لیے وفاقی حکومت سے درخواست کرے گی، معاملے پر پیش رفت وزیراعلیٰ سندھ کی حج سے وطن واپسی پر ہوگی۔ روہڑی میں صحافیوں سے گفتگو میں ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ثبوت مٹانے کی کوشش کی گئی اور جس طرح عدالت نے پولیس والوں کو سزائیں دی ہیں، اس سے تو پرویز مشرف مجرم بنتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پکڑے گئے دہشت گردوں کو عدالت نے بری کیا جس کی مذمت کرتے ہیں، پرویز مشرف کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کے لیے وفاق سے درخواست کریں گے۔