شہر قائد میں پولیس اور دہشتگردوں کے مابین مقابلہ، دہشتگرد ہلاک، اہلکار شہید
کراچی: گلشن کنیز فاطمہ سوسائٹی میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبالے میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا ہے، جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک اور ایک زخمی حالت میں موقع سے فرار ہوا، جس کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی۔ ایس ایس پی ملیر راﺅ انوار کے مطابق خواجہ اظہار الحسن پر حملے کے بعد تحقیقات جاری تھیں اور دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا جبکہ ہلاک ہونیوالے شخص کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا۔ دوسری طرف فرار ہونیوالے حملہ آور کی شناخت ہو گئی اور راﺅ انوار نے بتایا کہ فرار دہشت گرد کی شناخت عبدالکریم سروش صدیقی کےنام سے ہوئی، سروش صدیقی انصار الشریعہ کا مرکزی کمانڈر اور خواجہ اظہار پہ حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ سروش صدیقی عید کے روز مارے گئے دہشتگرد حسان کا ساتھی اور خطرناک دہشت گرد ہے۔ سروش صدیقی جامعہ کراچی میں اپلائیڈ فزکس کا طالبعلم ہے۔ انہوں نے بتایاکہ سروش کی فائرنگ سے ہی ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا، شہری دہشتگرد کی اطلاع انہیں دے سکتے ہیں۔