کراچی: عید کی چاند رات پر فائرنگ سے کمسن بچوں سمیت 19 افراد زخمی
کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں عید کی خوشی میں کی گئی ہوائی فائرنگ سے پانچ کمسن بچوں سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے ۔
بلدیہ رانگڑ محلہ سیکٹر ڈی تھری مدینہ کالونی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 14 سالہ آرزو دختر نسیم سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی، لڑکی کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لے جایا گیا۔
سائٹ ایریا رشیدہ آباد ربانی مسجد کے قریب پاؤں پر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 3 سالہ عروہ دختر انعام زخمی ہوگئی ، ریسکیو حکام کے مطابق بچی کو گولی گھر کے باہر کھیلتے ہوئے لگی تھی۔
کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں گولی لگنے سے 12 سالہ سمیر زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا۔
اورنگی ٹاؤن کے علاقے بلاک ایل فاروق مسجد کے قریب گھر میں گولی لگنے سے نوعمر لڑکا زخمی ہوگیا جسے چھیپا کے رضا کاروں ںے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی شناخت 13 زین خان کے نام سے کی گئی جسے گولی پشت پر لگی تھی۔
اورنگی ٹائون ہی کے علاقے رئیس امروہی کالونی عرفات مسجد کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 6 سالہ ایمن دختر نادر زخمی ہوگئی۔ علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن 10 نمبر میں 20 سالہ ارشد اور اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں 28 سالہ فرمان نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔
بلدیہ ٹاؤن 5 نمبر میں ہونے والے ایک اور واقعے میں خواجہ بابا مزار کے قریب گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے ایدھی کے رضا کاروں نے سول اسپتال پہنچایا ، ریسکیو حکام کے مطابق مضروب کی شناخت 30 سالہ سید کامران بخاری کے نام سے کی گئی جسے بائیں ہاتھ پر گولی لگی تھی ۔
ناظم آباد کے علاقے نفسیاتی اسپتال کے قریب گولی لگنے سے 40 سالہ ذیشان زخمی ہوگیا۔ شرافی گوٹھ لانڈھی مانسہر کالونی بسم اللہ مسجد کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 35 سالہ محمد الطاف زخمی ہوگیا۔
کلری کے علاقے لیاری نیا آباد میں 30 سالہ ریاض ، بغدادی ماڑی پور روڈ پر ریاض ہنگورو ، شارع نور جہاں کٹی پہاڑی کے قریب 40 سالہ گلبہار اور بلدیہ یوسف گوٹھ کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کندھے پر لگنے سے 35 سالہ خلیل احمد زخمی ہوگیا۔
نارتھ کراچی فاطمہ جناح کالونی میں 12 سالہ غلام علی ، قائد آباد داؤد چالی میں خاتون گلناز اور لیاقت آباد 10 نمبر میں انیس گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی ، سول اور جناح اسپتال لے جایا گیا ۔
تمام واقعات میں پولیس کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی۔