ہم کراچی میں امن بحال کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: ہم چاہتے تھے نیب قانون ختم کریں انہوں نے کہا این آر او مانگ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ جو ملک کیخلاف کام کرے گا انہیں چھوڑیں گے نہیں، ہم کراچی میں امن بحال کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کا مؤقف رہا ہے نیب کو ختم کیا جائے، یہ حضرت کہتے تھے کہ مک مکا ہے، یہ وہی نیب ہے جس کیخلاف اس ہاؤس میں قرارداد پاس کی گئی، نیب ترمیم کا پہلا بینیفشری عمران خان نیازی ہے، ہم چاہتے تھے نیب قانون ختم کریں انہوں نے کہا این آر او مانگ رہے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پہلے 90 دن کا ریمانڈ ہوتا تھا ہم نے ختم کر کے 14 روز کیا، ہماری واضح ہدایات تھیں کہ پر امن احتجاج کرنا چاہیں تو پوری اجازت ہے، ہم نے کہا تھا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے، شارع فیصل پر جب نکلے تھے تو آدھے گھنٹے میں منتشر ہوئے تھے، قائد اعظم محمد علی جناح کا گھر جلانے کے بعد ان کو مزید جوش آیا، انہوں نے سوچا کہ کراچی میں بھی یہ حرکتیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز بس کو نقصان پہنچانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، جو ملک کیخلاف کام کرے گا انہیں چھوڑیں گے نہیں، جو پر امن احتجاج کرنا چاہتا ہے انتظامیہ سے اجازت لے ہم دینگے، ویڈیو میسجز بھیج کر احتجاج کرینگے اور سڑک پر نکلے تو دھرلیا جائے گا، ہم کراچی میں امن بحال کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔