پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا
ہم اقتدار میں آئے تھے تو کیا فوج کیخلاف آئے تھے؟، فوج سے لڑکر ہم کیا ثابت کریں گے؟
کراچی: پی ٹی آئی کے کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر محمود مولوی نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ میں اپنی افواج کے خلاف زندگی میں کبھی گیا ہوں نہ جاؤں گا۔ میں اعلان کر رہا ہوں کہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں فوج کے خلاف بات نہیں سن سکتا، شہدا کی یادگاروں کی توہین نہیں کرسکتا، میں فوج کیخلاف نہ گیا ہوں نہ کبھی جاؤں گا، 9 مئی کو جو ہوا وہ قابل مذمت ہے۔
محمود مولوی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت تبدیل کرسکتے ہیں، فوج نہیں بدل سکتے، فوج کی وجہ سے ملک سلامت اور ایٹمی قوت ہے، کہتے ہیں فوج خراب ہے، کیا ہم بھارت یا افغانستان سے فوج لائیں؟، سیاسی معاملات مذاکرات کی میز پر طے ہونے چاہئیں، بھارت کا باپ وہ کام نہ کرسکا جو ان لوگوں نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب کہتے تھے کہ فوج ہماری ریڑھ کی ہڈی ہے، ہم اقتدار میں آئے تھے تو کیا فوج کیخلاف آئے تھے؟، فوج سے لڑکر ہم کیا ثابت کریں گے؟، کوئی میرا سافٹ ویئر تبدیل نہیں کرسکتا۔