سندھ

سندھ حکومت کا کراچی میں ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسیاں چلانے کا فیصلہ

خواتین کے لیے پنک ٹیکسی میں خواتین ڈرائیورز رکھی جائیں گی

کراچی: سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس میں مزید 500 بسیں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔  

وزیر اطلاعات ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں آئندہ مالی سال کے دوران عوام کو مزید سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے کراچی میں 200 الیکٹرک ٹیکسیاں چلانے، اور 25 ارب روپے کی مالیت سے 500 نئی بسیں خرید کر پیپلز بس سروس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوام کو سہولیات دینے کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے الیکٹرک ٹیکسی سروس شروع کی جائیں گی۔ ابتدائی طور پر کراچی میں 200 الیکٹرک ٹیکسیاں چلائی جائیں گی جن میں سے 50 پنک ٹیکسیاں خواتین کے لیے مخصوص ہوں گی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خواتین کے لیے مخصوص پنک ٹیکسی کے لیے خواتین ڈرائیورز رکھی جائیں گی۔

وزیرٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ الیکٹرک ٹیکسی سے عوام کو سستی سفری سہولیات اور بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے میسر مواقع آئیں گے۔ علاوہ ازیں ماحول دوست ٹیکسی چلانے سے اربوں روپوں کے تیل کی بچت ہوگی جس سے عوام اور حکومت دونوں کو فائدہ پہنچے گا.
انہوں نے کہا کہ شہر میں مختلف مقامات پر الیکٹرک ٹیکسیوں کے لیے چارجنگ اینڈ پارکنگ ڈپو بھی بنائے جائیں گے.

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ سلیم راجپوت، سی ای او ٹرانس کراچی طفیل پلیجو، پی ڈی ییلو لائن امیر اویسی، جی ایم ریڈلائن پیر سجاد، پی ڈی پی ایس بی صہیب نے بھی شرکت کی۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کراچی شہر میں پیپلز بس سروس کی تمام بسوں کو روڈ پر لانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بیک اپ میں کھڑی بسوں کو بھی عوام کی سہولیات کے لیے فوری طور پر فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 15 جون تک مزید 20 بسیں سندھ حکومت کو مل جائیں گی اور ان کو بھی عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پیپلز بس سروس میں شامل کیا جائے گا۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے اورینج لائن، گرین لائن اور ریڈ لائن بسوں کو آپس میں ملانے کے لیے فوری منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے دوران 500 بسیں خریدی جائیں گی محمکمہ ٹرانسپورٹ اس حوالے سے پروپوزل تیار کرے۔ شرجیل انعام نے حیدرآباد میں ہٹڑی سے کھیسانہ موری تک پیپلز بس سروس کا نیا روٹ شروع کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ سلیم راجپوت کی جانب سے جی سی یونیورسٹی حیدرآباد کے اساتذہ اور طلباء کی سہولت کے لیے دو بار پیپلز بس سروس چلانے کی تجویز دی گئی جس پر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے منصوبہ بندی کی ہدایات جاری کیں.

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close