محرم کی مجالس اور عاشورہ کے جلوس کے انتظامات باہمی اشتراک اور تعاون سے حل کئے جائیں گے، میئر کراچی
کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ہم سب کے لئے قابل احترام ہے، محرم الحرام کے دوران بین المسالک اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کی اہمیت دوچند ہوجاتی ہے، ہمیں اپنے شہر میں امن و امان اور ترقی کے لئے باہمی اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے، محرم کی مجالس اور عاشورہ کے جلوس سمیت تمام مذہبی اجتماعات کے انتظامات کے سلسلے میں درپیش مسائل باہمی اشتراک اور تعاون سے حل کئے جائیں گے، سندھ حکومت سے درخواست کروں گا کہ ہمیں شہری مسائل کا عارضی نہیں مستقل حل چاہیئے، پانی و سیوریج کا نظام، سڑکیں، اسٹریٹ لائٹس اور صفائی ستھرائی کی صورتحال ابتر حالت میں ہے، تمام چیلنج سامنے ہیں اس کے باوجود ہمت نہیں ہارے، دستیاب فنڈز کے ذریعے جو بھی انسان کے بس میں ہے ہم کر رہے ہیں، شہریوں سے درخواست ہے کہ صفائی ستھرائی میں ہماری مدد کریں، نالوں اور دیگر جگہوں پر کچرا نہ ڈالیں، اجتماعی کوشش کے بغیر مسائل کے حل میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ یہ بات انہوں نے محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے کے ایم سی ہیڈ آفس میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبدﷲ وہرہ، علامہ عباس کمیلی، علامہ فرقان حیدر عابدی، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ اظہر نقوی، علامہ وقار تقوی، جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عبدالکریم عابد، مذہبی اسکالر علامہ شاہ فیروزالدین رحمانی، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سید بدر علی، شیعہ علماء کونسل کے علامہ جعفر سبحانی، دعوت اسلامی کے محمد یعقوب عطاری، اے این آئی کے محمد سلیم عطاری، مرکزی اہلسنت و جماعت کے مولانا محمد اکبر درس، جمعیت علمائے پاکستان کے محمد صدیق راٹھور، مولانا قاضی احمد نورانی، پاک حسینی اسکاؤٹس کے عباس بادامی، شبر رضا، ڈی آئی جی ٹریفک ایم اصغر عثمان، ایس ایس پی ٹریفک الٰہی بخش، چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور، وائس چیئرمین سید احمر علی، ایڈمنسٹریٹر ضلع غربی غلام فرید، وائس چیئرمین ضلع وسطی شاکر علی، ضلع جنوبی کے میونسپل کمشنر آفاق سعید، میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش، اکبر شاہ ہاشمی، میونسپل کمشنر نواز نسیم، مشیر مالیات ڈاکٹر اصغر عباس شیخ، سٹی کونسل کی دیگر کمیٹیوں کے چیئرمین و ارکان کے علاوہ سینئر کے ایم سی افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔