ن لیگ کو ووٹ کیوں دیا؟، ایم کیو ایم نے سینیٹر میاں عتیق کو پارٹی سے نکال دیا
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سینیٹ میں الیکشن ریفارم بل کے معاملے پر ووٹنگ کے دوران پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے (ن) لیگ کو ووٹ دینے پر سینیٹر میاں عتیق کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کر دی۔ پاکستان ویوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سینیٹرز کا اجلاس ہوا جس میں میاں عتیق کے معاملے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سینیٹر میاں عتیق بھی موجود تھے۔ اجلاس کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر میاں عتیق کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ تین روز قبل سینیٹ میں الیکشن ریفارم بل کے حوالے سے ہونے والی ووٹنگ میں ایم کیو ایم کے سینیٹر کے ووٹ کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ ہو گیا تھا۔ سینیٹر اعتزاز احسن کی قرارداد کے حق میں 37 جب کہ مخالفت میں 38 ووٹ پڑے تھے۔
قبل ازیں سینیٹرز کے اجلاس کے دوران فاروق ستار اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے میاں عتیق سے وضاحت مانگی کہ انہوں نے (ن) لیگ کے حق میں ووٹ کیوں دیا۔ اس پر میاں عتیق نے جواب دیا کہ انہوں نے خواجہ سعد رفیق کے کہنے پر ووٹ دیا کیوں کہ سعد رفیق نے کہا تھا کہ ان کی فاروق ستار سے بات ہو گئی ہے۔