نوازشریف پارلیمنٹ کی عزت کرلیتے تو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے، مولابخش چانڈیو
حیدرآباد: پیپلزپارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ نوازشریف آج ایک عام شہری بن گئے ہیں اگر وہ پارلیمنٹ کی عزت کر لیتے تو انہیں یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ مٹیاری میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو ہر جملے میں چور اور کرپٹ کہنے والوں کے ساتھ آج خدا نے کیا کیا سب دیکھ رہے ہیں، عمران خان بھی سب کو چور چور کہتے تھے، آج اپنی چوری چھپاتے پھر رہے ہیں، عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ منی لانڈرنگ سے بنائی گئی ہے اب عمران خان ثابت کریں کہ وہ چور ہیں یا نہیں۔
مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ عمران خان وزیراعظم کا خواب دیکھ کر قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن ان کا یہ خواب خواب ہی رہے گا کیوں کہ وہ اصولوں کی بات کرتے تھے آج اصولوں سےانحراف کررہے ہیں ان کی اصلیت کھل کر سامنے آرہی ہے کل تک ایم کیوایم پر الزام لگارہے تھے آج ان کے ساتھ مذاکرات کرتے نظر آتےہیں۔ عمران خان افراتفری اورجمہوریت کی شکل بگاڑنا چاہتے ہیں سیاسی مفاہمت کے لیے راضی نہیں ہوتے بلکہ تنازع کی طرف بڑھتے ہیں ان کی کئی خواہشات ہیں وہ کسی اور کا کھیل کھیلناچاہتے ہیں لیکن یہ لوگ کچھ بھی کرلیں کچھ نہیں ہوگا بالآخر انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ نواز شریف بھی پیپلزپارٹی پر الزامات لگاتے تھے لیکن آج پاکستان کی سب سے بڑی عدالت نے انہیں کرپٹ اور چور کہہ کر اقتدار سے نکال دیا، جس برے طریقے سے نوازشریف کو نکالا گیا تاریخ میں ایسا نہیں ہوا، آج نوازشریف عام شہری بن گئے ہیں اگر وہ پارلیمنٹ کی عزت کرلیتے تو انہیں یہ دن دیکھنے نہ پڑتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پرویزمشرف خود بے نظیر کے قتل کیس میں ملزم ہیں اور ایک سازش کے تحت آصف زرداری پر الزام لگا کر بچنا چاہتے ہیں۔