کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کے بھاری بلز اور ٹیکسز کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری
کراچی: مہنگی بجلی کے خلاف مظاہروں کے دوران شہریوں نے بلز نذر آتش کردیے
کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کے بھاری بلز اور ٹیکسز کے خلاف تاجر تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
ملک کے بیشتر چھوٹے بڑے شہروں میں مہنگی بجلی کے خلاف تاجروں کی جانب سے مظاہرے کیے جا رہے ہیں، جس میں حکومت سے بجلی کے بلوں میں شامل اضافی ٹیکس اور بجلی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمت کو کم کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
تاجر برادری اور جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں بجلی کے بلوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف جمعہ کے روز مشترکہ احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کے الیکٹرک کی اوور بلنگ کو مسترد کرتی ہے۔ تاجر جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں کیوں کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل پر آواز اٹھاتی ہے۔
اس وقت بجلی کے بلوں کو لیکر شہریوں کا میٹر گھوم چُکا ہے،لوگ بے بس و مجبور ہیں،نہ اُن کی کوئی آواز سُن رہا ہے اور نہ ہی اُن کیلئے کوئی بول رہا ہے،سیاستدان حکومت کرکے گھر نکل گئے،یقین مانیں لوگوں کے حالات بہت خراب ہیں، مَسْنَد پر بیٹھے لوگوں کو عوام کا سوچنا پڑے گا۔۔۔!!!
— Mughees Ali (@mugheesali81) August 25, 2023
تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لوگ فاقے کر رہے ہیں جب کہ کے الیکٹرک ہزاروں اور لاکھوں روپے کے بلز بھیج رہی ہے۔حکمران طبقے نے ہمیں لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ اصل میں حکمران اور اسٹیبلشمنٹ کے الیکٹرک کے ظلم و ستم کی ذمے دار ہیں۔ لوگ قرض لے کر اور سامان بیچ کر بجلی کے بلز ادا کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ مظاہروں میں شریک افراد نے کے الیکٹرک کے خلاف بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر شرکا نے کے الیکٹرک کے خلاف نعرے بازی کی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے عوام کو تنگ کرنا نہ چھوڑا تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ ہماری لڑائی کے الیکٹرک کے وائٹ کالر مافیا سے ہے۔ جب نیپرا کا اجلاس ہورہا تھا اس میں ہمارے سوا کوئی اور سیاست دان موجود نہیں تھا۔ میں نے اجلاس میں کہا تھا کہ عوام پریشان ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب کے الیکٹرک کی نجکاری ہورہی تھی تب ایم کیو ایم اور ق لیگ کی حکومت تھی، ہم سے کہا گیا تھا بجلی سستی ہوجائے گی مگر اس کے برعکس ہوا۔ حکومت کو سوچنا چاہیے کہ و ہ اگر کے ای کو تحفظ دے گی تو لوگ ان کے مظالم کے خلاف کہیں اٹھ کھڑے نہ ہوجائیں۔
جماعت اسلامی کی اپیل پر کے الیکٹرک کےخلاف شاہراہ فیصل پر عوامی احتجاج pic.twitter.com/iRRUacpojm
— Syed Anwarullah Hussaini (@syedova26117291) August 25, 2023
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ آج ملک میں بنیادی ضروریات پوری کرنا مشکل ہوگیا ہے اور اوپر سے حکومت کی جانب سے پیٹرول کے بعد بجلی کا بم گرا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کنکشن کاٹنے آؤ گے تو مذمت کریں گے۔ جن کی جاگیریں ہزاروں ایکڑ ہیں وہ کیوں نہیں ٹیکس دیں گے، ایک انقلاب ان جاگیرداروں کے خلاف لانا ہو گا۔
چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل جس طرح کے الیکٹرک نے اپنی بدمعاشی دکھانے کی کوشش کی تو وہ سن لیں، اگر ایک بھی تاجر گرفتار ہوا تو ہم جیلیں بھر دیں گے۔ حکومت یاد رکھے کہ جب تاجر سڑک پر آتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ معاشی بحران شروع ہو گیا۔ کے الیکٹرک اب بھی سوچ لے، مارکیٹیں ان کے لیے نو گو ایریا بن جائیں گی۔
گوجرانوالہ میں بجلی کے مہنگے بلوں کیخلاف احتجاج، شہریوں نے بل جلا دیئے۔۔۔!!! pic.twitter.com/6quoZ5lQZs
— Mughees Ali (@mugheesali81) August 25, 2023
انہوں نے کہا کہ یہ تحریک اب کراچی سے شروع ہو چکی ہے۔ ہمارا ساتھ دیں، ہم بڑے سے بڑے فرعون کو جھکا دیں گے۔اس وقت جماعت اسلامی کے سوا کوئی سیاسی جماعت تاجروں کی مشکل میں نہیں کھڑی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں بجلی کے اضافی بلوں کے خلاف مری روڈ پر اختجاجی مظاہرہ ہوا، جس میں نماز جمعہ کے بعد شہریوں نے بڑی تعداد میں جمع ہوکر کمیٹی چوک پر آئیسکو کے خلاف نعرے بازی کی ۔ مظاہرین نے مری روڈ کو بلاک کرکے اپنا حتجاج ریکارڈ کروایا۔