ایم کیو ایم لندن کے 3 ٹارگٹ کلر گرفتار، متحدہ پاکستان کے بلدیاتی نمائندے کے قتل میں ملوث ہیں
کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کے دوران 3 ٹارگٹ کلر گرفتار کر لئے گئے، رینجرز ترجمان کے مطابق ٹارگٹ کلرز کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، جو متحدہ پاکستان کے بلدیاتی نمائندے کے قتل میں ملوث ہیں۔ رینجرز اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے 3 ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلئے گئے، جو یونین کونسل چیئرمین راشد عرف ماموں کے قتل میں ملوث ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کے بلدیاتی نمائندے کو 30 جولائی کو قتل کیا گیا تھا۔ دوران تفتیش گرفتار ٹارگٹ کلرز نے انکشاف کیا ہے کہ ایم کیو ایم لندن کی خاتون رکن کہکشاں نے واٹس ایپ پر قتل کا حکم دیا اور 3 لاکھ روپے 2 قسطوں میں بھیجے، ملزم آصف رئیس نے ڈیڑھ لاکھ روپے ہنڈی کے ذریعے وصول کئے، باقی ڈیرھ لاکھ روپے دوست کی بیوی کے شناختی کارڈ پر منگوائے۔