سندھ

کراچی کو پھلنے پھولنے دیا جائے گا تو پاکستان بچے گا : فاروق ستار

کراچی کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کرنے والوں کے حساب کا وقت آچکا ہے

کراچی: عوام کو مضبوط مرکز مضبوط معیشت کے کھوکھلے نعروں کے پیچھے لگا کر رکھا ہوا ہے۔ مقامی خودمختاری ہی کے ذریعے شہر کے مسائل حل ہوں گے۔

نیو کراچی سیکٹر ای فائیو میں الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مضبوط ضلعی حکومتیں، مضبوط بلدیاتی ادارے، مضبوط کراچی، مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔ کراچی کو پھلنے پھولنے دیا جائے گا تو پاکستان بچے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئینی اصلاحات کے پیکیج پر بات کرنی ہے۔ پیپلز پارٹی کے 15 برس میں نہ اضافی پانی ملا نہ کوئی کام ہوا۔ کراچی کو اپنے ساتھ رکھو گے تو معیشت اور جمہوریت مستحکم رہے گی۔ کراچی کو اپنے ساتھ نہیں رکھو گے تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ مقامی خودمختاری ہی کے ذریعے شہر کے مسائل حل ہوں گے۔ آج مقامی خودمختاری دے دو ورنہ کل وہ حالات ہوں گے کہ تم صوبہ خود طشتری میں لاکر دوگے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وڈیروں اور جاگیرداروں کے استحصالی ہتھکنڈوں سے بچنے کی ضرورت ہے۔ بہت جلد آپ سب سے ایک بڑے جلسے میں ملاقات ہوگی،جب کوئی بڑی جماعت ایم کیو ایم کے مرکز آتی ہے تو ان کو تکلیف ہوتی ہے۔ عوام کو مضبوط مرکز مضبوط معیشت کے کھوکھلے نعروں کے پیچھے لگا کر رکھا ہوا ہے۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کراچی کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کرنے والوں کے حساب کا وقت آچکا ہے۔ ہم نے وفاق کی بڑی جماعتوں سے کہہ دیا ہے کہ نا انصافی اور ظلم کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔ اگر ایم کیو ایم مردہ گھوڑا ہے، دفن ہو گئی تو تمہارے پیٹ میں مروڑ کیوں ہے ،تمہیں تو شادیانے بجانے چاہییں، جشن منانا چاہیے۔

فاروق ستار نے کہا کہ 2018 میں جس درزی نے ہمارے حلقے کاٹے نئی حلقہ بندیوں کے بعد کافی درست ہوئے۔ ہم قومی اسمبلی کی 22 نشستیں حاصل کریں گے۔ ہم صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ وزارتوں کو ہم نے اس بار جوتی کی نوک پر رکھا ہے۔ اب ہمیں سر اٹھا کر چلنا ہے۔ اب لوڈشیڈنگ کرنے والوں کی لوڈشیڈنگ کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close