کراچی، خواتین پر حملہ آور چھرا مار کی نئی تصاویر جاری، گرفتاری کا انعام 10 لاکھ روپے کر دیا گیا
کراچی: شہر قائد کی پولیس نے گلستان جوہر میں تیز دھار آلے سے خواتین پر حملہ کرنے والے ملزم کی نئی تصاویر جاری کر دیں، ملزم کی گرفتاری پر رکھی گئی انعامی رقم میں بھی 100 فیصد اضافہ کرکے اسے 10 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر میں خواتین پر تیز دھار آلے سے حملہ کرنے والے ملزم کی پولیس نے نئی تصاویر جاری کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کا قد 5 فٹ 7 انچ سے 5 فٹ 9 انچ تک ہے، جبکہ وزن کم و بیش 65 کلو ہے، ملزم نے ایک واردات میں نیلے رنگ کی چیک شرٹ پہنی تھی، جبکہ آخری واردات میں بلیک سی ڈی 70 ماڈل کی موٹر سائیکل استعمال کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں انعامی رقم کا اعلان کیا گیا تھا، جو کہ 5 لاکھ روپے تھی، اب انعامی رقم میں 100 فیصد اضافہ کرتے ہوئے اسے 10 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے 5 لاکھ روپے کی انعامی رقم اس کے علاوہ ہے، ملزم کی گرفتاری کیلئے بھاری نفری سادہ لباس میں تعینات ہے اور علاقے کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، حکام نے ملزم کی گرفتاری میں شہریوں سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ 25 ستمبر سے 5 اکتوبر کے درمیان ملزم کے حملوں کی زد میں آکر 13 خواتین زخمی ہو چکی ہیں۔