سندھ

عائشہ منزل کے عرشی سینٹر کی مارکیٹ میں آتشزدگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 4 اور کروڑوں کا سامان خاکستر

کراچی: عائشہ منزل عرشی سینٹر کے  گرائونڈ فلو پر فرنیچر کی دکانوں میں لگنے والی آگ سے جھلس کر4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا

کراچی کے ضلع وسطی میں عائشہ منزل کے قریب کثیرالمنزلہ عرشی سینٹر کے گراؤنڈ فلور پر واقع فرنیچر کی دکانوں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، میز نائن فلور پر بھی آگ کو بھجا دیا گیا جبکہ پہلی اور دوسری منزلوں کے فلیٹس کی جانچ کا عمل جاری ہے۔

عرشی سینٹر کے گرائونڈ فلو پر واقع فرنیچر کی دکانوں میں لگنے والی آگ نے میزنائن فلور پر فوم کے گدوں کے اسٹاک کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا جس کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔آتش زدگی کے نتیجے میں کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
آگ بجھانے میں فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ 2 باؤزر اور 2 اسنارکل بھی طلب کیے گئے۔ جائے حادثہ پر رش کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔

آتش زدگی کے بعد پاک بحریہ کے فائرٹینڈر اور عملہ بھی جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کی کارروائی میں بھرپور معاونت کی۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق بحریہ کے 7 فائر ٹینڈروں اور عملے نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ آگ لگنے سے متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ کچھ رہائشی فلیٹ بھی متاثر ہوئے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ تیسرے درجے کی تھی۔ آگ پھیلنے کے امکانات کے بعد متاثرہ رہائشی عمارت سے لوگوں کو نکال لیا گیا۔ آتش زدگی کےو اقعے کے پیش نظر واٹر کارپوریشن کے نیپا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللہ چاچڑ کا کہنا ہے کہ آتش زدگی کے واقعے میں اب تک تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ عمارت کی سرچنگ کا عمل جاری ہے اور عمارت میں مزید لوگوں کے موجود ہونے کا خدشہ ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق آتشزدگی سے 2 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا ، ریسکیو حکام کے مطابق جھلس کر زخمی ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ اسامہ اور 50 سالہ ساجد کے نام سے کی گئی جس میں نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

بعدازاں نوجوان اسامہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close