سندھ

چلاس میں بس پر فائرنگ کے دوران شوہر اور بچوں کو بچانے والی خاتون علاج کیلئے کراچی منتقل

رواں ماہ 2 تاریخ کو بس پر فائرنگ کے ہولناک واقعے میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے

کراچی: دہشت گردوں کی فائرنگ پر بچوں اور شوہر کو ڈھال بن کر بچانے والی باہمت خاتون روشن بی بی کا کراچی میں علاج شروع کردیا گیا

رواں ماہ دو تاریخ کو کراچی آتے وقت گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں دہشت گردوں نے مسافر بس کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا، حملے کے وقت روشن بی بی اپنے ڈیڑھ سال کے بیٹے، چارسال کی بیٹی اور شوہر کے ساتھ بس میں موجود تھیں۔

خاتون نے اپنے بچوں اور شوہر کو بس کے فرش پر لٹا دیا تھا اور خود ان کے اوپر لیٹ گئی تھیں جس کے نتیجے میں چھ گولیوں نے ان کے جسم کو چھلنی کردیا تھا۔
گلگت میں ابتدائی علاج کے دوران تین گولیاں نکال لی گئیں مگر باقی تین گولیاں نکالنے کی سہولت نہیں تھی جس کے سبب گزشتہ رات قومی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے انہیں کراچی منتقل کیا گیا جہاں وہ نجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
شوہر نے بتایا کہ روشن کے جسم میں تین گولیاں ابھی موجود ہیں، آپریشن کے لیے ضروری میڈیکل ٹیسٹ کیے جارہے ہیں، بچے حادثے کے سبب خوف میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

نجی اسپتال میں اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران روشن بی بی کا آپریشن متوقع ہے، ڈاکٹروں کے مطابق گولی ریڑھ کی ہڈی کے قریب ہونے کی وجہ سے کچھ پیچدگیوں کا سامنا ہے۔

بس پر فائرنگ کے ہولناک  واقعے میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close